نیشنل گیمز:نیوی 9 گولڈ میڈلز کے ساتھ سیلنگ ایونٹ پرحکمران

نیشنل گیمز:نیوی 9 گولڈ میڈلز کے ساتھ سیلنگ ایونٹ پرحکمران

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)چونتیسویں نیشنل گیمز کے سولہویں روز پاکستان نیوی نے کھلے سمندر اور پی اے ایف یاچ کلب میں ہونے والے تیرہ مختلف درجہ بندیوں پر مشتمل سیلنگ ایونٹ میں 9طلائی اور دو کانسی کے تمغے جیت کر اپنی حکمرانی ثابت کردی ۔۔

جبکہ خیبر پختونخوا اور پاکستان ایئرفورس نے دو،دو طلائی،چار،چار چاندی اور دو،دو کانسی کے تمغوں کی بدولت مشترکہ دوسری پوزیشن حاصل کی۔آرمی نے تین سلور اور چار برانز،سندھ نے ایک سلور اور دو برانز جبکہ بلوچستان نے ایک برانز میڈل پر اکتفا کیا۔ ایتھلیٹکس کے مقابلوں میں 20کلومیٹر واک ریس میں آرمی کے قاسم نے ایک گھنٹہ پچپن منٹ اور چون سیکنڈز میں فاصلہ طے کر کے گولڈ میڈل جیت لیا جبکہ آرمی کے نعمان سلور اور ایئرفورس کے عدن معاذ برانز میڈل کے مستحق قرار پائے ۔خواتین کے ویٹ لفٹنگ مقابلوں میں آرمی نے تین اور واپڈا نے دو گولڈ میڈلز پر قبضہ جما لیا۔ 49 کلوگرام کیٹگری میں واپڈا کی شفیق وحید،59 کلوگرام میں ویرونیکا سہیل،55 کلوگرام میں آرمی کی ندا فاطمہ،64 کلوگرام میں آرمی کی خدیجہ وحیداور 76 کلوگرام میں آرمی کی سونیا عظمت نے طلائی تمغے جیتے ۔جوڈو کی مختلف درجہ بندیوں کے مینز اور ویمنز ایونٹس میں آرمی نے گیارہ گولڈ کے ساتھ پہلی واپڈ ا نے چارگولڈ کے ساتھ دوسری جبکہ نیوی نے ایک گولڈکی بدولت تیسری پوزیشن حاصل کی۔گزشتہ روز اسکواش کے 16 میچوں کے دوران مختلف کھلاڑیوں نے دوسرے مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا۔واضح رہے کہ نیشنل گیمز میں پاکستان آرمی نے 151 گولڈ سمیت 300 تمغوں پر قبضہ جما لیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں