بھارت، جنوبی افریقہ میچ تاریخ کا مختصر ترین ٹیسٹ میچ بن گیا
کیپ ٹاؤن(اسپورٹس ڈیسک)بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان کیپ ٹاؤن ٹیسٹ تاریخ کا مختصر ترین ٹیسٹ میچ بن گیا۔
میچ صرف 107 اوورز میں ختم ہوگیا۔دو دن جاری رہنے والا یہ میچ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا مختصر ترین میچ بن گیا ہے ۔ اس سے قبل 1932 میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ 109.2 اوورز میں ختم ہوا تھا۔بھارت نے دوسرا ٹیسٹ جیت کر دو میچوں کی سیریز برابر کردی۔ جسپریت بمراہ نے چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔بھارت نے تین وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے میچ میں 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ بھارتی ٹیم تاریخ میں پہلی مرتبہ کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔ جنوبی افریقا دوسری اننگز میں 176 رنز بناسکی، 78 رنز کا ہدف بھارت نے صرف 12 اوورز میںپوراکر لیا۔ میچ میں دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 464 رنز بنائے جو جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان اب تک کھیلے گئے میچ کا سب سے کم مجموعی اسکور ہے ۔