پاکستان 21سال بعد سہ فریقی سیریز کا میزبان : ہوم سیزن 2024-25 کا اعلان

 پاکستان  21سال  بعد  سہ فریقی  سیریز  کا میزبان  :  ہوم  سیزن  2024-25 کا  اعلان

لاہور (سپورٹس ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے 25-2024کے ہوم انٹرنیشنل سیزن کی تفصیلات کا اعلان کردیا جس میں بنگلا دیش، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف سہ فریقی سیریز کی میزبانی شامل ہے ۔

پی بی بی کی پریس ریلیز کے مطابق 25-2024کا سیزن قومی کرکٹ ٹیم کیلئے کافی مصروف ثابت ہوگا، اس دوران نہ صرف بنگلا دیش، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان آئیں گی بلکہ 21 سال بعد جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی سہ فریقی سیریز بھی پاکستان میں کھیلی جائے گی۔ قومی ٹیم رواں سال 21اگست سے 3ستمبر تک بنگلا دیش کے خلاف راولپنڈی اور کراچی میں 2ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔ اکتوبر میں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 3ٹیسٹ میچز کھیلنے کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گی، انگلش ٹیم 7سے 28 اکتوبر تک ملتان، کراچی اور راولپنڈی میں طویل دورانیے کی کرکٹ کھیلے گی۔ جنوری 2025 میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 2 ٹیسٹ کھیلنے کیلئے پاکستان آئے گی، ویسٹ انڈین ٹیم 16سے 28جنوری تک کراچی اور ملتان میں میدان میں اترے گی۔ فروری 2025میں قومی ٹیم جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے خلاف سہ فریقی ون ڈے سیریز کھیلے گی، جس کے میچز 8سے 14فروری تک ملتان میں کھیلے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں