پلان اے بی کچھ منظور نہیں:پاکستان چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کیلئے ڈٹ گیا

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بھی چیمپئینز ٹرافی 2025 کی میزبانی کرنے کیلئے ڈٹ گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا ٹیم کے حوالے سے پروپیگنڈا کررہا ہے۔۔۔
ایونٹ کسی نیوٹرل وینیو یا پلان بی کے تحت ہائبرڈ ماڈل پر نہیں ہوگا بلکہ پورا ایونٹ پاکستان میں ہوگا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا سالانہ اجلاس 19سے 22 جولائی تک کولمبو میں شیڈول ہے اور پی سی بی کا وفد اپنے ٹھوس موقف کیساتھ میٹنگ میں شرکت کرے گا۔بھارت کے علاوہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شریک تمام ٹیمیں پاکستان آکر کھیل چکی ہیں، اس لیے بھارت کے پاس کوئی وجہ نہیں کہ وہ یہاں آکر میچز نہ کھیلے ۔قبل ازیں خبریں گردش کرنا شروع ہوئی تھیں کہ بھارت کی ٹیم چیمپئینز ٹرافی کیلئے پاکستان نہیں جائے گی جس پر آئی سی سی کے اعلیٰ حکام نے بھی پلان بی پر غور شروع کردیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کا پاکستان نہ آنے کا مؤقف کمزور ہے ، اگر ایسا ہوا تو پاکستان بھی 2026 کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جائے گا کیونکہ ماضی کے مقابلے میں پاکستان مستقبل میں سخت مؤقف اپنائے گا۔