پاکستان سپورٹس بورڈ میں جامع اصلاحاتی نظام کی منظوری

پاکستان سپورٹس بورڈ میں جامع اصلاحاتی نظام کی منظوری

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ یاسرپیرزادہ نے مالی، انتظامی، خریداری اور سہولیات سے متعلق امور میں شفافیت اور مضبوط نظم و نسق یقینی بنانے کے لئے جامع اصلاحاتی نظام کی منظوری دیدی ۔

 یہ نظام پی ایس بی کے تمام محکموں میں بدانتظامی اور بے ضابطگیوں کے خاتمے اور مالیاتی امور میں عالمی معیار کی شفافیت فراہم کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ترجمان پی ایس بی کے مطابق جامع اصلاحاتی نظام کے تحت خریداری کے عمل کو مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دیا جائے گا، پیپرا رولز ، ای پیڈز کی پاسداری کرتے ہوئے کھلی بولی اور مناسب دستاویزات کو لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ یہ نظام دستاویزات کی مکمل دیکھ بھال، سرٹیفیکیشن اور ریکارڈ کیپنگ کی اہمیت پر زور دیتا ہے تا کہ تمام مالی ریکارڈز اور معاہدے درست طریقے سے برقرار رکھے جائیں ، جائزہ اور آڈٹ کے لیے فوری دستیاب ہوں، ڈرافٹس کو منظور کرنے والے افسر کے دستخط لازمی ہیں اور منصوبہ بندی اور ڈویلپمنٹ ونگ سے متعلق فائلوں میں اطمینان بخش تکمیل کا سرٹیفکیٹ شامل ہونا ضروری ہے ۔جامع اصلاحاتی نظام کے تحت تمام مکمل شدہ کام، بشمول مرمت، دیکھ بھال اور نئی تنصیبات کا مکمل ریکارڈ ضروری ہوگا ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں