’’غائب ہوجاؤگے ‘‘ڈنمارک کاپاکستانی باکسر محمد وسیم کو ویزا دینے سے انکار

’’غائب ہوجاؤگے ‘‘ڈنمارک کاپاکستانی   باکسر محمد وسیم کو ویزا دینے سے انکار

کراچی(سپورٹس ڈیسک )پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد وسیم کو ڈنمارک نے یورپی ویزا دینے سے انکار کردیا۔

جس کے باعث باکسر چار اکتوبر کو مالٹا میں شیڈولڈ عالمی ٹائٹل کے مقابلہ میں شرکت سے محروم ہوگئے ۔ ڈنمارک کے سفارت خانہ نے عالمی باکسر کا پاسپورٹ 40دن اپنے پاس رکھا اور پھر ویزا درخواست مسترد کرکے پاسپورٹ واپس کردیا۔محمد وسیم نے ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو مرتبہ کا عالمی چیمپئن ہوں، ویزا مسترد کرکے کہا گیا کہ میں وہاں جاکر غائب ہو جاؤں گا، میں ساری دنیا میں سفر کرتا ہوں،لندن میں کوچز کے ساتھ ٹریننگ کررہا تھا،عالمی مقابلے کی تیاری کے سلسلے میں ٹریننگ کے لیے قبل از وقت مالٹا پہنچنا تھا۔ 4 اکتوبر کو ورلڈ باکسنگ فیڈریشن کے بینٹم ویٹ ٹائٹل کیلئے مقابلہ طے ہے ، اپنے حریف سابلیو سیبیک کوہلو کے خلاف کامیابی کے لیے پر امید تھا۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف نوٹس لے کر ویزا دلوانے میں مدد کریں، ورلڈ ٹائٹل فائٹ میرے لیے بہت اہم ہے موقعہ گنوانا نہیں چاہتا۔واضح رہے کہ 20 اگست 1987 کو کوئٹہ میں پیدا ہونے والے 36 سالہ محمد وسیم باکسنگ کی دنیا میں فالکن کے نام سے مشہور ہیں۔وہ 2018 اور2022 میں انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن کے عالمی چیمپئن رہے اس کے علاوہ ورلڈ فلائی ویٹ ٹائٹل جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں