کپتانی بارے وہ فیصلہ کریں جو سب کیلئے فائدہ مند ہو: یونس خان
میلبر(سپورٹس ڈیسک )سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ کپتانی کے حوالے سے جلدی میں کوئی فیصلہ نہ کریں، ابھی آپ کے پاس وقت ہے ۔
وہ فیصلہ کریں جو سب کیلئے فائدہ مند ہو۔میلبرن میں کرکٹ آسٹریلیا سمر فیسٹیول میں میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم بعض اوقات کھلاڑیوں پر بہت زیادہ توقعات کا دباؤ ڈال دیتے ہیں۔ ہم توقعات رکھیں پر کھلاڑیوں کو بھی ریلیکس رکھیں۔آسٹریلیا اور بھارت کی سیریز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور بھارت کی سیریز اچھی ہوگی۔ بھارت کے بولرز نے خود کو بہت بہتر کیا ہے ، آپ میچز بولروں کی وجہ سے جیتتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا اچھا کرے گا۔ ٹیم میں بولنگ کے شعبے پر بات کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ ایسے فاسٹ بولرز ہونے چاہئیں جن کے پاس بہت پیس ہو۔ اچھے آل راؤنڈرز کی بھی ضرورت ہے ۔ ہمارے بولرز صرف ٹی10 اور ٹی20 پر نہ فوکس کریں، لمبا فارمیٹ بھی کھیلیں۔ یونس خان نے بھارت کو چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان آنے کا مشورہ بھی دیا اور کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت کو پاکستان آنا چاہیے ۔ بھارت کو اس لیے بھی پاکستان آنا چاہیے کیونکہ پاکستانی ویرات کوہلی جیسے بھارتی سٹارز کو دیکھنا چاہتے ہیں۔