چیمپئنز ٹرافی:بھارت کے تین پول میچز دو وینیوز پر رکھنے کی تجویز

 چیمپئنز ٹرافی:بھارت کے تین پول میچز دو وینیوز پر رکھنے کی تجویز

ممبئی (سپورٹس ڈیسک )پاکستان نے آئندہ سال چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنی ہے اور اس حوالے سے بھارتی میڈیا نے دعوی ٰ کیاہے کہ ایونٹ میں بھارت کے تین پول میچز دو وینیوز پر رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی براڈ کاسٹرز جو بھارتی بورڈ کے بھی براڈ کاسٹر ہیں ان کی تجویز ہے کہ دو وینیوز پر میچز ہونے سے براڈ کاسٹ اور ایونٹ ویلیو میں اضافہ ہوگا، بھارت کے میچز ایک وینیو پر رکھنے سے اچھا تاثر نہیں جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو دو وینیوز پر میچز رکھنے پر کوئی اعتراض نہیں اور پی سی بی نے اس تجویز کو سامنے رکھتے ہوئے راولپنڈی کا وینیو دیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پی سی بی نے بھارت کے لیے ایک وینیو لاہور تجویز کیا تھا مگر براڈ کاسٹر نے ایک اور وینیو کو شامل کرنے کی تجویز دی ہے ، ایک وینیو بھارتی ٹیم کی زیادہ ٹریولنگ نہ ہونے کی وجہ سے تجویز کیا گیا تھا۔ مجوزہ شیڈول میں بھارت کے تین میچز لاہور میں شیڈول تھے اور 20 فروری کو بنگلہ دیش اور 23 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ تجویز ہے ۔پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج ٹاکرا یکم مارچ کو تجویز کیا گیا ہے جب کہ پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کو گروپ اے میں تجویز کیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں