انگلش بلے باز سپنرز کے سامنے بے بس : 12ٹیسٹ میچ ہارنے کے بعد پاکستان کی ملتان میں فتح

انگلش بلے  باز  سپنرز کے  سامنے  بے بس : 12ٹیسٹ میچ ہارنے کے بعد پاکستان کی ملتان میں فتح

ملتان(اسپورٹس رپورٹر)پاکستانی سپنرز نے انگلش بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچادیا اورپاکستان نے 3سال 8ماہ بعد ہوم گراؤنڈ پرٹیسٹ میچ جیت لیا ،قومی ٹیم کی جیت کا مارجن 152رنزرہا،سیریزایک ایک سے برابر ہوگئی ۔۔

پوری قوم اس فتح پر خوشی سے جھوم اٹھی اور قومی ٹیم کو مبارکباددینے کیساتھ ساتھ خوب جشن منایا۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی سپنرز نعمان علی اور ساجد خان کی گھومتی گیندوں نے انگلینڈ کیلئے 297رنزکا ہدف ایک خواب بنادیااور پوری ٹیم 144رنز پر ڈھیر ہوکر دوسرے ٹیسٹ میں 152سے ہار گئی ۔پاکستان نے ملتان میں پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد دوسرا ٹیسٹ میچ بھی اسی پچ پر کرانے کافیصلہ کیا ،یہ چال کامیاب رہی اور پاکستانی سپنر نے دونوں اننگز میں تمام انگلش بلے بازوں کو شکا رکرلیا ،پہلی اننگز میں ساجدخان نے سات اوردوسری اننگز میں 2وکٹیں لیں جبکہ نعمان علی نے پہلی اننگز میں 3اوردوسری اننگز میں46رنزدے کر8کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا ۔دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انگلینڈ نے 26 رنزپر 2 کھلاڑی آؤٹ سے کھیل کا آغاز کیا ،ساجد خان نے اولی پوپ کو 22 رنزکے ذاتی سکور پر اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کرکے دن کا پہلا شکارکیا،جو روٹ بھی سپن باؤلنگ کی تاب نہ لاسکے اور 43 گیندوں پر 18 رنز بناکرنعمان علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے ، انہوں نے امپائر کے فیصلے کے خلاف ریویولیا تاہم ٹی وی امپائر نے فیصلہ برقرار رکھا۔ پہلے ٹیسٹ کے ہیرو ہیری بروک بھی بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے اور 16رنزبناکرنعمان علی کی گیند کھیلتے ہوئے ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے ، ان کا ریویولینابھی کارگرنہ ہوسکا ،وکٹ کیپر بیٹسمین جیمی سمتھ 6 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ۔ کپتان بین سٹوکس نے کچھ دیر مزاحمت کی تاہم نعمان علی کی گیند پر شاٹ مارنے کی کوشش میں سٹمپ آؤٹ ہوگئے ، ان کی اننگ 4 چوکوں سمیت 37 رنز پر مشتمل تھی۔ بین کارسے 27رنز بناکر مزاحمت کار بنے تاہم نعمان علی کی گیند پر سلمان آغا نے ان کو کیچ آؤٹ کردیا،جیک لیچ 1 رن بنا کرنعمان علی کی گیندپر عبد اللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ،شعیب بشیر بنا کوئی رن بنا کر نعمان علی کا شکار بنے ،میتھیو پوٹس 9رنزبناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔

پاکستان نے پہلی اننگز میں 366رنزبنائے اور انگلینڈ کی ٹیم 291رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی ،پاکستان نے دوسری اننگز میں221رنزبناکر انگلینڈ کو فتح کیلئے 297رنزکا ہدف دیاتھاتاہم پوری ٹیم 144رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔میچ میں 9وکٹیں لینے اور دوسری اننگز میں بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹ پر 62منٹ ٹھہر کر 43گیندوں پر 22رنز کی مزاحمت کرنیوالے ساجد خان کو پلیئر آف دی میچ کے اعزازسے نوازا گیا ،انہوں نے سلمان آغا کیساتھ 9ویں وکٹ کیلئے قیمتی 65رنز کی پارٹنرشپ بنائی ۔نعمان علی نے میچ میں 11وکٹیں حاصل کیں ۔ پاکستان کوہوم گراؤنڈپر ٹیسٹ میچ جیتنے کیلئے 3سال 8ماہ (تقریباً4سال)انتظار کرنا پڑا،فروری 2021میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو راولپنڈی میں 95رنز سے مات دی تھی ،اس دوران پاکستان نے 11ٹیسٹ میچز کھیلے ، جس میں سے 7 میں شکست ہوئی اورچارمیچز ڈرا ہوگئے ، بطور کپتان شان مسعود کی یہ پہلی جیت تھی، اس سے قبل ان کی کپتانی میں 6 میچز میں شکست ہی مقدر بنی ۔صدر آصف زرداری نے قومی ٹیم کو شاندار فتح پر مبارکبادیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ شاندار کارکردگی کا یہ سلسلہ آئندہ بھی چلتا رہے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قومی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کی کارکردگی نہایت شاندار رہی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اپنے پیغام میں کہا ویلڈن ٹیم گرین ویلڈن، انہوں نے قومی ٹیم کی عمدہ کارکردگی کو سراہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں