پاکستان میں سٹیڈیمز کا معیارعالمی سطح کا کیا جائیگا:محسن نقوی

 پاکستان میں سٹیڈیمز کا معیارعالمی سطح کا کیا جائیگا:محسن نقوی

کراچی ،لاہور(سپورٹس ڈیسک )چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہاہے کہ پاکستان میں سٹیڈیمز کا معیار عالمی سطح کا کیا جائے گا۔انہوں نے نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا ۔۔

اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے پراجیکٹ پر پیش رفت کاجائزہ لیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے ساتھ متعلقہ حکام سے ضروری معلومات حاصل کیں اور کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔محسن نقوی نے کہاکہ چیمپینز ٹرافی کے لیے کراچی، لاہور اور پنڈی کے اسٹیڈیمز کی تزین و آرائش کا کام مقررہ تاریخ 15 دسمبر تک مکمل کر لینے کی قوی امید ہے ۔ انہوں نے نیشنل سٹیڈیم کے معائنے کے دوران جدید طرز کے سکرین بورڈ کو اونچائی پر نصب کرنے کی بھی ہدایت کی اورکہاکہ سکرین کی وجہ سے شائقین کرکٹ کو میچز دیکھنے میں مشکل پیش آتی ہے ۔ سکرین کو اونچائی پر نصب کیا جائے تاکہ شائقین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ میچز دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے پارکنگ ایریا کو اسٹیڈیم کے قریب بنایا جائے اور دن رات ایک کر کے منصوبے کو وقت سے قبل مکمل کیا جائے ۔ دنیائے کرکٹ کی ٹاپ ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے لئے آ رہی ہیں ۔پاکستان کے لیے چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد ایک اعزاز ہے ۔ محسن نقوی نے ایف ڈبلیو او کے حکام کو پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لیے ہدایات دیں،ایف ڈبلیو او کے حکام نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

، چیئرمین پی سی بی کو نقشوں کی مدد سے جاری کام کی تفصیلات بتائی گئیں جبکہ محسن نقوی اپنے موبائل سے تصاویر بھی بناتے رہے ۔دریں اثنا پی سی بی کے ڈائریکٹر انفرا اسٹرکچر قاضی جواد احمدنے کہاہے کہ قذافی سٹیڈیم لاہور کی اپ گریڈیشن کا کام 45 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے ۔ 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن کے مطابق کام کر رہے ہیں، ہم نے مرحلہ وار کام مکمل کرنے کی جو تاریخیں مقرر کر رکھی ہیں، ان سے آگے چل رہے ہیں۔ کالمز کی تعداد 260 ہے ، 120 مکمل کر چکے ہیں۔ باقی کالمز آٹھ دس روز میں کام مکمل ہو جائیں گے ۔ چیمپئنز ٹرافی کے معاملات کے حوالے سے آئی سی سی کا وفد 10، 11 اور 12 نومبر کو یہاں ہو گا، وفد انتظامات کا جائزہ لینے کے علاوہ دیگر پروگرامز میں بھی شریک ہو گا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں