چیف آف دی نیول سٹاف امیچور گالف کپ آج سے شروع
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)17ویں چیف آف دی نیول سٹاف امیچور گالف کپ 2024 آج سے مارگلہ گرینز گالف کلب اسلام آباد میں شروع ہوگا ۔۔
جو 3نومبر تک کھیلا جائیگا، جس میں ملک بھر سے تمام ٹاپ امیچور گالفرز حصہ لینگے ،فائنل کے مہمان خصوصی پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف ہونگے۔ پیٹرن پاکستان نیوی گالف (نارتھ)کموڈور ثاقب الیاس نے سپانسرز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سی این ایس امیچور گالف کپ کے میچز چار بڑی کیٹیگریز میں کھیلے جائیں گے جن میں مینز امیچور ،ویمن امیچور ، سینئرز امیچور اور جونیئرز امیچور شامل ہیں۔ خصوصی مہمانوں اور سپانسرز کے لیے دوستانہ میچ بھی کھیلا جائے گا۔چیف آف دی نیول سٹاف امیچور گالف کپ 2007 سے قومی گالف سرکٹ کا ایک باقاعدہ اور بڑا ایونٹ ہے ۔ یہ ایونٹ گالف کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ دنیا کے سامنے پاکستان کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے اور معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے ۔ گزشتہ سال ملک بھر سے تقریباََ 300 گالفرز نے چیف آف دی نیول سٹاف امیچور گالف کپ میں حصہ لیا، جس کا ٹائٹل ارتضیٰ حسین نے اپنے نام کیا جو کہ اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے ۔