پاکستان بیس بال ٹیم کو عرب کلاسک میں شرکت کا این او سی مل گیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان بیس بال ٹیم کو عرب کلاسک میں شرکت کا این او سی مل گیا۔ عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان فیڈریشن آف بیس بال کو جاری کیا۔
بیس بال یونائیٹڈ عرب کلاس 7 سے 10 نومبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں ایشیا اور مشرق وسطیٰ ایشیا سے 9ٹیمیں شریک ہوں گی۔ پاکستان بیس بال ٹیم گروپ اے میں افغانستان، بنگلادیش، بھارت اور میزبان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ساتھ موجود ہے ۔ پاکستان ٹیم پہلے روزیعنی کل دو میچز کھیلے گی۔ اس دن کی صبح پاکستان کا مقابلہ بنگلادیش سے ہوگا جبکہ شام میں یو اے ای سے جوڑ پڑے گا۔ 8نومبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہوگا جبکہ قومی ٹیم کے سامنے 9نومبر کو افغانستان کی ٹیم مد مقابل ہوگی۔