چیمپئینز ٹرافی : بھارتی انکار پر آئی سی سی سے جواب طلب
لاہور(سپورٹس ڈیسک )چیمپئینز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی عدم شرکت پر پی سی بی نے آئی سی سی سے جواب مانگ لیا۔
ذرائع کے مطابق 'حکومتی ہدایات کی روشنی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے (پی سی بی) نے آئی سی سی کو ای میل میں پوچھا ہے کہ آپ نے زبانی طور پر بھارتی ٹیم کے پاکستان آکر آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی نہ کھیلنے کا بتایا، ہمیں یہ تحریری طورپر بتایا جائے کہ انڈین ٹیم آخر کس وجہ سے پاکستان آکر کھیلنے سے انکاری ہے ۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی وجہ سے ابھی تک آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان بھی التوا کا شکار ہے جبکہ ٹورنامنٹ کے انعقاد میں محض 100 سے بھی کم دن باقی رہ گئے ہیں۔واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے نہ آنے پر اس کے میچز کے بائیکاٹ کا کہہ چکی ہے اورپاکستان کے سخت موقف کے بعد آئی سی سی کے پاس آپشنز محدود ہوگئے ہیں، ایونٹ کو پاکستان سے منتقل کرنا بھی آئی سی سی کیلئے ایک چیلنج ہوگا۔پاکستان سے چیمپئنز ٹرافی کو کسی اور جگہ منتقل کرنے کے لیے آئی سی سی کو ٹھوس وجوہات کا تعین کرنا ہوگا۔ذرائع کے مطابق صرف ایک ٹیم کی وجہ سے میگا ایونٹ کو متاثر کیا گیا تو دیگر بورڈز کو بھی اس پر تحفظات ہونگے ۔