مجوزہ منی بجٹ پر تاجروں کی شٹر ڈاؤن، پہیہ جام کی دھمکی
ملتان(آن لائن)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی صدر کاشف چوہدری نے دو ٹوک اور واضح انداز میں اعلان کیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ایماء پر اگر منی بجٹ لایا گیا۔۔۔
تو مزاحمتی احتجاجی تحریک سے گریز نہیں کریں گے اور ملک بھر میں شٹر ڈاؤن، پہیہ جام ہوگا، حکومت چھوٹے تاجروں اور غریب قوم پر مزید معاشی بوجھ لادنے کی بجائے کمشنر ہاؤس سے لے کر وزیراعظم ہاؤس تک اللے تللے شاہ خرچیوں کا سلسلہ بند کرے اور غیر ضروری وزارتوں،مفت بجلی پٹرول سمیت دیگر مراعات ختم کی جائیں۔ گزشتہ روز ملتان آ مد پر پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ گیس قلت کو ختم کرنے کیلئے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کیا جائے، ممبران اسمبلی کو نوازنے کے بجائے کٹوتی کی جائے ،اگر نئے ٹیکسز کا بوجھ غریب عوام پر لادا گیا تو قوم برداشت نہیں کرے گی، زراعت کا تجارت کے ساتھ چولی دامن کا ساتھ ہے جس کا ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ہے۔ کاشتکاروں کو بجلی، گیس، کھاد اور بیج پر سبسڈی دی جائے، اسموگ کی آڑ میں رات 8 بجے دکانیں بند کرنے کا حکومتی فیصلہ مسترد کرتے ہیں، آئندہ ماہ حیدرآباد میں ملک گیر تاجر کنونشن ہوگا جس میں منی بجٹ سمیت دیگر امور پر آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کریں گے۔