بڑے کھلاڑی بھارت کیخلاف کھیل کر بنتے ہیں:یونس خان
کراچی (سپورٹس ڈیسک )قومی ٹیم کے سابق سٹار بیٹر و کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ میری خواہش ہے پاک بھارت کرکٹ مستقل ہو۔۔
میں ہمیشہ پاک بھارت کرکٹ کی بات کرتا ہوں۔ میڈیا سے گفتگو میں یونس خان نے کہا کہ بھارت کے خلاف کھیل کر آپ بڑے پلیئر بنتے ہیں، فخر زمان کو ٹیم میں ضرور ہونا چاہیے ۔ چیمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان میں ہو رہے ہیں جو خوش آئند بات ہے ۔ 9 سال ہم نے پاکستان سے باہر کرکٹ کھیلی۔ اسد شفیق اور اظہر علی زیادہ تر کرکٹ باہر کھیلتے رہے ۔ ہوم گراؤنڈز پر کھیلنے کا فائدہ ہوتا ہے ، یہ اچھی بات ہے کہ پاکستان میں بڑا ٹورنامنٹ ہو رہا ہے ۔ فخر زمان اور صائم ایوب اگر ساتھ کھیلیں گے تو ون ڈے میں ہم 400 کرسکتے ہیں۔
دونوں کو نچلے نمبرز پر نہیں کھلانا چاہیے ، ایسے پلیئرز جو ٹیم کے لیے کھیلتے ہوں ان کو سپورٹ کرنا چاہیے ۔ پی سی بی نے اس معاملے میں اسمارٹ طریقے سے کھیلا ہے ،جب آپ بڑی ٹیموں سے کھیلتے ہیں تو فائدہ ہوتا ہے ۔