مارخور زکوشکست، سٹالینز نے چیمپئنز ٹی 20 کپ جیت لیا

 مارخور زکوشکست، سٹالینز نے چیمپئنز ٹی 20 کپ جیت لیا

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)اے بی ایل سٹالینز نے مارخور ز کو75رنزسے شکست دیکر بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی 20 کپ جیت لیا، پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں سٹالینز کے کپتان محمد حارث نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔۔

 اور20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے ۔یاسر خان نے 57 گیندوں پر 5 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 100 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔جہانداد خان نے آؤٹ ہوئے بغیر 22 رنز، کپتان محمد حارث 21 ، طیب طاہر 17 ، معاذ صداقت 15 رنز کیساتھ نمایاں رہے ۔ مارخورز کے عاکف جاوید نے دو، محمد نواز، محمد فیضان، محمد عمران جونیئر نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی،جواب میں مارخورزکی ٹیم 19.1اوورز میں 124رنزبناکر پویلین لوٹ گئی ۔محمد فیضان 43 رنز،کپتان افتخار احمد 22 ، فخر زمان 20 ،محمد نواز 15 رنز کیساتھ نمایاں رہے ۔ سٹالینز کے محمد علی نے 3 ،عثمان طارق ، جہاں داد خان نے دو ، دو جبکہ ابراراحمداور حسین طلعت نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، یاسر خان کو شاندار سنچری بنانے پر پلیئر آف دی میچ قراردیا گیا۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے فاتح ٹیم کو ڈیڑھ کروڑ اور رنر اپ ٹیم کو ایک کروڑ روپے کے انعام سے نوازا ۔ادھر محمد علی بہترین بالر اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ، حسین طلعت بہترین بیٹر جبکہ محمد حارث بہترین وکٹ کیپر قرار پائے ۔ محمد علی نے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 22 وکٹیں حاصل کیں۔محمد حارث نے وکٹوں کے پیچھے 9 کیچزپکڑے اور3 سٹمپ کئے اور بہترین وکٹ کیپر قرار پائے ۔انہوں نے 269 رنز بھی سکور کیے ۔حسین طلعت ایک سنچری اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے 319 رنز پر ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر قرار پائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں