قائد اعظم بین الصوبائی گیمز آج سے اسلام آباد میں شروع
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام قائد اعظم بین الصوبائی گیمز آج سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہونگی ۔
پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈی جی شاہد اسلام کے مطابق گیمز کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور گیمز میں پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے مرد اور خواتین کھلاڑیوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ گیمز میں پندرہ کھیلوں کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باکسنگ، فٹ بال، ہاکی،جوڈو، کبڈی، کراٹے ، سکواش، سوئمنگ، تائیکوانڈو، ٹیبل ٹینس، والی بال، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ شامل ہیں۔ کبڈی، باکسنگ اور ریسلنگ کے مقابلوں میں گرلز کے مقابلے شامل نہیں ہیں۔ باقی تمام کھیلوں کے مقابلوں میں مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گی۔ گیمز میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا جائے گا۔