کرکٹ ٹیم نے قوم کے دل جیت لئے :صدر،وزیراعظم
لاہور(سپورٹس ڈیسک ) وزیرِ اعظم شہباز شریف اورصدرآصف زرداری نے جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار فتح پر قومی کرکٹ ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پوری قوم کو مبارک باد دی۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے قومی ٹیم کو ون ڈے سیریز جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے پوری سیریز کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اورقوم کے دل جیت لئے ۔ امیدہے کہ ٹیم مستقبل میں بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔ وزیرِ اعظم نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ٹیم مینجمنٹ کی کارکردگی کی بھی تعریف کی اورکہاکہ قومی ٹیم نے پوری سیریز کے دوران بہترین کھیل پیش کیا، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی ٹیم کو شاباش د یتے ہوئے دلی مبارک باد پیش کی اورکہاکہ صائم ایوب نے پھر اپنی کلاس ثابت کی، سنچری بنا کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ محمد رضوان اور بابر اعظم نے اچھی بیٹنگ کی، سفیان مقیم نے عمدہ بولنگ کر کے قوم کے دل جیت لیے ۔ ٹیم ورک کا نتیجہ شاندار کامیابی کی صورت میں سامنے آیا ہے ، پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی پُراعتماد نظر آئے ، جذبے اور محنت سے کھیلے ۔ اس جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بڑھے گا، چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں بھی پاکستانی ٹیم ایسی ہی کارکردگی دکھائے گی،ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ قومی ٹیم نے یادگار کارکردگی سے قوم کے دل جیت لیے ۔صائم ایوب، سلمان آغا،سفیان مستقیم اور دیگر پلیئرز نے عمدہ کھیل پیش کیا ، امید ہے کہ قومی ٹیم جیت کا تسلسل برقرار رکھے گی۔