جارحانہ کرکٹ کھیلنے کیلئے منتخب نوجوان سکواڈ 91 رنز پر ڈھیر

کرائسٹ چرچ (سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے ناکامیوں کا تسلسل نہ ٹوٹ سکا، نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ۔۔
9وکٹوں سے شکست دیدی۔کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹی20میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی لیکن قومی ٹیم نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 91رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ پاکستانی بیٹنگ لائن میچ کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور صرف 14رنز پر پاکستان کے 4کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے ۔اوپنر محمد حارث اور حسن نواز صفر پر آؤٹ ہوئے ، عرفان خان ایک رن جبکہ شاداب خان 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔ پاکستان کی جانب سے خوشدل شاہ 32رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ سلمان علی آغا نے 18رنز سکور کیے ۔نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے 4، کائل جیمیسن نے 3اور ایش سوڈھی نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک وکٹ زیرکے فالکس کے حصے میں آئی۔نیوزی لینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 92رنز کا ہدف باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر 11ویں اوور میں پورا کر لیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سائفرٹ نے 44رنز کی اننگز کھیلی جبکہ فن ایلن 29اور ٹم رابنسن 18رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔ پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی جانب سے تین کھلاڑیوں عبدالصمد، محمد علی اور حسن نواز نے ڈیبیو کیا تھا۔پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں میزبان نیوزی لینڈ کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہو گئی ہے ۔