حارث رئوف 25 اوورز بعد ایک ہی گیند کے استعمال کے حامی

لاہور(سپورٹس ڈیسک)لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے سامنے 25 اوورز کے بعد ایک گیندکے استعمال کی جو تجویز آئی ہے۔۔
وہ اچھی ہے ، 25 اوورز کے بعد گیند پرانا ہونے سے بولروں کو مدد ملے گی جیسا کہ ماضی میں ہوتا تھا،لاہور میں گفتگو کرتے حارث رؤف کا کہنا ہے کہ میں اس بات کی فکر نہیں کرتا کہ رنز پڑنے پر لوگ تنقید کرتے ہیں کیونکہ ہمارے ہاں ایسا لگتا ہے کہ جیسے پاکستان کے بولروں کے خلاف ہی رنز بنتے ہیں، دنیا بھر میں دیکھیں ، فاسٹ بولرز کو جد و جہد کرنا پڑتی ہے جس طرح کی باؤنڈریز ہیں اور جس طرح کی ہائی سکورنگ گیمز کی ڈیمانڈ ہے رنز تو پڑیں گے ، فینز اور براڈ کاسٹرز بھی لمبا میچ چاہتے ہیں، فاسٹ بولرز کے صرف سپائیکس رہ گئے ہیں وہ بھی اتار دیں۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی میں آپ کا دن ہوتا ہے ، اگر آپ کا دن اچھا ہے تو پھر سب ٹھیک ہے ، مجھے اپنی سکلز پر کبھی شک نہیں ہوا ۔فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا کہ شاہین آفریدی اور میں جس طرح آپس میں جڑے ہوئے ہیں اس کی مثال کم ملتی ہے ، ہماری کمیونیکیشن اچھی ہو چکی ہے ، ہمیں ایک دوسرے پر اعتماد ہے ، ایشیا کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈکپ پر فوکس ہے ، ہمارامائنڈ سیٹ ایک ہی ہے کہ پاکستان ٹیم کے لیے بہترین دینا ہے ۔حارث رؤف کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں انفرادی طور پر میں اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں، میں اب تک ٹیم کی توقعات پر پورا نہیں اتر پا رہا، میں خود کو بیک کر رہا ہوں ، قلندرز کے لیے آنے والے تمام میچز بڑے اہم ہیں، ملتان سلطانز کے خلاف جس طرح ہدف کا تعاقب کیا اس سے اعتماد ملا ، پہلا اوور پھینکے جانے کے بعد پچ کا پتہ چلتا ہے ۔