سپر لیگ :سلطانز کم ترین سکور پر ڈھیر ، گلیڈی ایٹرز کی فتح

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے 18ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز نے کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نپی تلی باؤلنگ کی بدولت ملتان سلطانز کی ٹیم 20 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم صرف 89 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔یہ پی ایس ایل کی تاریخ میں ملتان سلطانز کا کم ترین ٹوٹل ہے ، اس سے قبل سلطانز 2023 میں کراچی کنگز کے خلاف 101 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔کوئٹہ نے ہدف کے تعاقب میں جارحانہ انداز اپنایا اور 90 رنز کا ہدف ساتویں اوور میں ہی حاصل کر لیا، کپتان سعود شکیل نے 20 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے جبکہ فن ایلن نے 21 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز میں 5 چھکے جڑ دئیے ۔ملتان سلطانز کی جانب سے کوئی بھی باؤلر وکٹ حاصل نہیں کرسکا۔اس سے قبل، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے یاسر خان صرف 5رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد آنے والے بلے باز عثمان خان اپنی تیسری ہی گیند پر کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے ۔پچھلے میچ میں نصف سنچری بنانے والے کامران غلام بھی 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ اپنا پہلا پی ایس ایل میچ کھیلنے والے آئرلینڈ کے کرٹس کیمفر 4 رنز ہی بناسکے ، ابتدائی چاروں وکٹیں خرم شہزاد نے حاصل کی۔افتخار احمد 6، مائیکل بریسو یل صفر، ڈیوڈ ویلے 7، اسامہ میر 11، محمد حسنین 2 اور عبید شاہ 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان محمد رضوان 44 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خرم شہزاد نے 4، فہیم اشرف اور محمد وسیم جونیئر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔