قومی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کیلئے مشاورت جاری

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے مشاورتی عمل جاری ہے ، پی سی بی ہیڈ کوچ کے لیے درخواستوں کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کا منتظر ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے 4 مئی تک درخواستیں طلب کر رکھی ہیں، جس کے بعد قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی تقرری ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے مائیک ہیسن پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔ مشاورتی عمل میں مائیک ہیسن کی تجویز دی گئی ہے ، ممکنہ طور پر مائیک ہیسن ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق مائیک ہیسن اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ہیں، نئے ہیڈ کوچ کو وائٹ بال کرکٹ ٹیم کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔ پاکستان ٹیم کا اگلا اسائنمنٹ بنگلادیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز ہے ۔ 5 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے 2 میچز فیصل آباد اور 3 میچز لاہور میں ہوں گے ۔ بنگلادیش کی ٹیم 21 مئی کو پاکستان پہنچے گی۔ذرائع نے بتایا کہ صاحبزادہ فرحان، حسین طلعت، حسن علی، فہیم اشرف اور علی رضا کو بنگلادیش کے خلاف سیریز میں شامل کیے جانے کا امکان ہے ۔