کون ہو گا پی ایس ایل 10 کا چیمپئن ؟ فیصلہ آج

کون  ہو  گا  پی  ایس  ایل  10 کا چیمپئن  ؟ فیصلہ  آج

لاہور(سپورٹس ڈیسک) پی ایس ایل 10کا چیمپئن کون ہوگا ،اس کافیصلہ آج رات قذافی سٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلے جانیوالے فائنل میں ہوگا۔۔

گزشتہ روز دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کیساتھ فوٹوشوٹ کروایا، ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں نے لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن (ایل سی سی اے ) گراؤنڈ میں 3گھنٹے تک بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ کپتان سعود شکیل، رائیلی روسو سمیت بیٹرز نے بھرپور بیٹنگ کی جبکہ بولرز نے بھی خوب مشقیں کیں۔وارم اپ سیشن کے دوران فٹبال کھیلتے ہوئے بیٹر حسن نواز کا پاؤں مڑ گیا تھا جس کے بعد انہیں گراؤنڈ میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال منتقل کیا۔ٹیم کے منیجر اعظم خان کے مطابق حسن نواز کی ایکسرے رپورٹ کلیئر آئی ہے ، وہ آج فائنل کھیلنے کے لئے دستیاب ہونگے ۔دوسری طرف لاہور قلندرز کے ٹیم ڈائریکٹر ثمین رانا نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ یہ اعزاز ہے کہ ٹیم فائنل میں پہنچی ہے ، ہم ٹائٹل جیتیں یا نہ جیتیں کھلاڑیوں کو موقع دیتے رہیں گے ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم بھی اچھا کھیلی ۔ کبھی کسی پر انگلی نہیں اٹھائی، ہم ہار کر بھی پُراعتماد رہتے ہیں، ہم 4 سال سب سے نیچے رہے ہمت نہیں ہاری۔ ہار جیت میں اپنے جذبات کو نہیں آنے دیتے کھلاڑیوں کو بیک کرتے ہیں، فرنچائز کرکٹ میں کوچنگ نہیں ٹیم مینجمنٹ ہوتی ہے ۔ پی ایس ایل میں ابھی بہتری کی ضرورت ہے ، تسلسل لانا ہوگا، جو حالات پیدا ہوئے وہ کسی کے بس میں نہیں تھے ۔ثمین غیر ملکی ہی نہیں ملکی کھلاڑیوں کی فیملیز بھی پریشان تھیں، پاکستان نے کھلاڑیوں کو جتنی سیکیورٹی دی کوئی نہیں دے سکتا تھا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں نے بڑا سپورٹ کیا کسی نے اضافی کوئی مطالبہ نہیں کیا۔ادھرجمعے کو اسلام آبادیونائیٹڈ کوہرانے کے بعد لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا تھاکہ ہمیں مکمل یقین ہے کہ ہم فائنل جیتیں گے ۔انہوں نے پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑیوں نے اہم موقع پر زبردست کھیل پیش کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں