علی رضا کو آنکھوں کی کوئی بیماری نہیں:پی سی بی

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ بولر علی رضا کی آنکھوں کی بیماری میں مبتلا ہونے سے متعلق رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیدیا۔
پی سی بی کے اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ 17 سالہ نوجوان فاسٹ بولر علی رضا کو آنکھوں کی کوئی بیماری نہیں ہے اور وہ تمام فارمیٹس میں قومی ٹیم کے انتخاب کیلئے دستیاب ہیں۔قبل ازیں، میڈیا رپورٹس نے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ دورہ بنگلادیش اور ویسٹ انڈیز کے دوران فاسٹ بولر علی رضا کو اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا جائے گا کیونکہ انہیں فلڈ لائٹس میں بال دیکھنے میں مسئلہ ہورہا ہے ۔ علی رضا نے حال ہی میں ختم ہونے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10ویں ایڈیشن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی تھی، جس میں انہوں نے 9 میچز میں 25.25 کی اوسط اور 9.18 کے اکانومی ریٹ سے 12 وکٹیں حاصل کیں۔رپورٹس میں مزید کہا گیا تھا کہ نسیم شاہ، عامر جمال اَن فٹ ہونے کے سبب دورہ بنگلادیش اور ویسٹ انڈیز کیلئے قومی اسکواڈز کا حصہ نہیں ہوں گے ۔