باووما بغیر میچ ہارے ٹیسٹ چیمپئن بننے والے پہلے کپتان

لندن (سپورٹس ڈیسک)جنوبی افریقہ کے قائد ٹیمبا باووما بغیر کوئی میچ ہارے ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے والے تاریخ کے پہلے کپتان بن گئے ہیں۔
پروٹیز نے 1998 میں آخری بار آئی سی سی ناک آؤٹ ٹرافی جیتی تھی، بالآخر جنوبی افریقہ نے مسلسل 27 سال کے انتظار اور ناک آؤٹ مقابلوں میں ایک درجن سے زائد شکستوں کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا گرز (ٹرافی) اٹھانے کا اعزاز حاصل کرلیا۔جنوبی افریقہ کو چیمپئن بنانے والے کوئی اور نہیں بلکہ کپتان ٹیمبا باووما ہیں جنھوں نے اپنی ٹیم کو روایتی شکستوں کے بھنور سے ناکالا اور یہ عالمی اعزاز حاصل کرنے والے پہلے جنوبی افریقی کپتان بن گئے ۔صرف یہی نہیں باووما نے مزید تاریخ رقم کی ہے کیونکہ وہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل جیتنے والے پہلے ایسے کپتان بنے جو کہ ناقابل شکست رہے ۔ ٹیمبا باووما نے اس ڈبلیو ٹی سی سائیکل میں 8 میچوں میں جنوبی افریقہ کی قیادت کی اور پروٹیز نے ان میں سے سات میچ جیتے جبکہ ایک ڈرا کیا۔