میرے اعداد وشمار دیکھے بغیر رائے قائم کی جاتی ہے :عباس

لاہور(سپورٹس ڈیسک)فاسٹ بولر محمد عباس نے کہا ہے کہ میرے اعداد وشمار دیکھے بغیر میرے بارے میں رائے قائم کر لی جاتی ہے۔۔۔
سوشل میڈیا پر ہونے والی باتیں اور میرے اعداد وشمار مجھے جگا کر رکھتے ہیں میں متحرک ہوتا ہوں اور اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کرتا ہوں ۔ محمد عباس نے کاؤنٹی کرکٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے انگلینڈ روانگی سے قبل شکوہ کیا کہ میرے اعداد وشمار دیکھے بغیر میرے بارے میں رائے قائم کر لی جاتی ہے ، کہا جاتا ہے کہ انگلینڈ میں پرفارمنس ہوتی ہے ، میں انہیں کہتا ہوں کہ قائد اعظم ٹرافی تو پاکستان میں ہی ہوتی ہے وہ دیکھ لیں ، 2014 سے قائد اعظم ٹرافی میں میری اوسط 16 ہے جو کہ پاکستان میں بہترین ہے ، دنیا میں 600 وکٹیں لینے والے ایکٹو فاسٹ بولرز میں اوسط کے لحاظ سے نمبر ون ہوں ،میری 800 فرسٹ کلاس وکٹیں ہونے والی ہیں ، میچ میں 10 وکٹوں کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر ہوں۔