نیشنز ہاکی کپ:ہارکر بھی پاکستان نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی
کوالالمپور (سپورٹس ڈیسک)نیشنز ہاکی کپ میں پاکستان بہتر گول اوسط کی بنیاد پر ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرگیا۔ کل سیمی فائنل میں پاکستان کا سامنا فرانس سے ہوگا۔
نیوزی لینڈ سے شکست کے باوجود بہتر گول اوسط کی بنیاد پر پاکستان نیشنز ہاکی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔ملائشیا کے شہر کوالالمپور میں جاری نیشنز ہاکی کپ میں ملائشیا کو جاپان کے خلاف دو گول کے فرق سے جیتنا ضروری تھا مگر جاپان نے آخری چار منٹ میں گول کرکے پاکستان کی سیمی فائنل کے لیے راہ ہموار کر دی۔پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان اور ملائشیا کے چار چار پوائنٹس ہوگئے مگر ایک گول زیادہ ہونے کی وجہ سے پاکستان سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا۔ اہم معرکے میں پہلے کوارٹر کے اختتام پر پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف 1-3 کی برتری حاصل کرلی۔ پاکستان کی جانب سے ابتدائی دونوں گولز عبدالرحمان جبکہ تیسرا گول رانا وحید اشرف نے سکور کیے ۔تیسرے کوارٹر میں سکاٹ کولسٹ نے مسلسل 2گول داغ کر پاکستان کی برتری ختم کردی اور میچ 3-3 گولز سے برابر ہوگیا۔چوتھے کواٹر میں کیویز کی جانب سے سکاٹ کولسٹ نے میچ کا تیسرا گول داغ کر کیویز کو پاکستان کیخلاف برتری دلوائی، انہوں نے پنالٹی کارنر پر گول اسکور کیا اور یوں نیوزی لینڈ نے پاکستان پر 3-4 کی سبقت حاصل کرلی۔