نیشنز ہاکی کپ ، پاکستانی ٹیم کے پلیئرز یومیہ الاؤنس سے محروم

نیشنز ہاکی کپ ، پاکستانی ٹیم کے پلیئرز  یومیہ الاؤنس سے محروم

کوالالمپور(سپورٹس ڈیسک)نیشنز ہاکی کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنیوالی پاکستانی ٹیم کے پلیئرز تاحال یومیہ الاؤنس سے محروم ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ملائشیا میں جاری میں نیشنز ہاکی کپ میں شریک پاکستانی ٹیم کے پلیئرز کو 10 روز کے ایک دن کا بھی یومیہ الاؤنس ادا نہیں کیا۔ ایونٹ میں قومی ٹیم نے سیمی فائنل تک رسائی کو ممکن بنایا۔گرین شرٹس اگر ایونٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو انہیں ہاکی پرو لیگ کھیلنے کا سنہری موقع مل جائے گا۔ دوسری طرف پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ڈیلی الاؤنس کے معاملے کو کھیل سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیدیا۔کوالالمپور میں ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلئے موجود پی ایچ ایف صدر طارق بگٹی نے کہا کہ ڈیلی الاؤنس ایشو سے زیادہ اہم فرانس کے خلاف سیمی فائنل میں بہتر کھیل پیش کرکے فائنل میں جگہ بنانا ہے ۔پی ایچ ایف صدر کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان یہ نیشنز کپ جیت کر پرو لیگ کیلئے کوالیفائی کرے ، فنڈز کی کمی اور محدود میچز سمیت بہت سے ایشوز کا سامنا ہے تاہم اسکے باوجود لڑکوں اور مینجمنٹ نے بہت محنت کی ہے ۔ طارق بگٹی نے کہا کہ ہمیں ڈیلی الاؤنس سمیت لڑکوں کی مشکلات کا اندازہ ہے ، حکومت کی طرف سے جتنی سپورٹ مل رہی ہے ، وہ سب کے سامنے ہے ، ڈیلی الاؤنس کبھی ایڈوانس نہیں دیا جاتا، ایونٹ مکمل ہونے اور فنڈز کی دستیابی پر ہی لڑکوں کے واجبات ادا کیے جاتے ہیں، بطور صدر محدود وسائل کے باوجود ہر وہ کام کرنے کی کوشش ہے جس سے پاکستان کا ہاکی میں مستقبل مزید روشن ہو۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں