پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے انتخابات آج ہونگے

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے انتخابات آج پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر انتظام پی ایس بی کوچنگ سینٹر لاہور میں دوپہر 2:30 بجے منعقد ہوں گے ، جن میں صدر، سیکرٹری جنرل اور دیگر عہدوں کے لیے مقابلہ ہوگا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی ہے ، جبکہ ضابطہ اخلاق اور ووٹنگ کے طریقہ کار سے متعلق ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔صدر کے عہدے کے لیے امیدواروں میں عبدالجواد، محمد طارق حسن اور ندیم احمد شامل ہیں۔ دوسری طرف پاکستان باڈی بلڈنگ اینڈ فٹنس فیڈریشن نے پاکستان سپورٹس بورڈ کے فیڈریشن انتخابات کرانے کے فیصلے کو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے چارٹر کی خلاف اور داخلی معاملات میں براہِ راست مداخلت قرار دیتے ہوئے معاملہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کیساتھ اٹھادیا ہے ۔ فیڈریشن کے صدر طارق پرویز نے پی او اے کے صدر عارف سعید کو اپنے خط میں آگاہ کیا کہ پی ایس بی غیر قانونی طور پر پی بی بی ایف کے اندرونی انتخابی عمل پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔پی او اے اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لے ۔ انتخابات کرانے کا مکمل اختیار پی بی بی ایف کی جنرل کونسل کے پاس ہے ، اور کسی بیرونی ادارے کو اس قانونی اختیار میں مداخلت کا حق حاصل نہیں۔