کرکٹ لیگز کیلئے کروڑوں لیکن ہاکی کیلئے بجٹ نہیں:عماد

لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کو نیشنز ہاکی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچانے والے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے شکایات کے انبار لگادئیے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے شکوہ کیا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے لیکن اسکی سرپرستی کوئی نہیں کرنا چاہتا، پاکستان کی آبادی 240 ملین سے زیادہ ہے ، تقریبا ہر کوئی کسی نہ کسی کھیل کا مداح ہے ۔ کرکٹ ہر ایک کی توجہ کا مرکز ہے اور اس کھیل کو سرمایہ کاری اور تعاون حاصل رہتا ہے لیکن ہمارا قومی کھیل زندہ رہنے کیلئے جدوجہد کررہا ہے اور تکلیف سے گزر رہا ہے ۔ ایک انٹرویو میں عماد بٹ نے سوال کیا کہ کیا کوئی ہے جو پاکستان ہاکی کی جدوجہد کو صحیح معنوں میں سمجھتا ہو؟ کیا ہمارے سیاست دان قومی کھیل کی پرواہ کرتے ہیں؟ کیا وزرا اس کھیل میں دلچسپی لیتے ہیں جس نے کبھی اس ملک کو اولمپک گولڈ لایا تھا؟ بزنس مین کرکٹ لیگز پر کروڑوں خرچ کرتے ہیں لیکن جب ہاکی کی بات آتی ہے تو بجٹ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کا کھیل بھی ملک میں دی جانیوالی سہولتوں کا آئینہ دار ہے ، بحیثیت کھلاڑی، ہمیں درد ہوتا ہے ۔ عماد بٹ نے کہا کہ نیشنز ہاکی کپ میں شریک پاکستانی ٹیم کے پلیئرز کو 10 روز کے ایک دن کا بھی یومیہ الانس ادا نہیں کیا گیا، جو محض 30 ہزار روپے بنتا ہے ۔