گریڈ ٹو کرکٹ ٹرافی: سوات کی پوری ٹیم 173 رنز پر ڈھیر

پشاور (سپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام سینئر انٹر ڈسٹرکٹ گریڈ ٹو کرکٹ ٹرافی کے تحت اشفاق احمد کرکٹ گرانڈ سرڈھیری میں جاری چارسدہ اور سوات کے درمیان۔۔۔
تین روزہ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر چارسدہ نے اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنائے اور اسے مجموعی طور پر 291 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ۔ دوسرے روز سوات نے اپنی نامکمل پہلی اننگز 113 رنز 7 کھلاڑی آٹ پر دوبارہ شروع کی، تاہم پوری ٹیم 173 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سوات کی جانب سے محمد فرحان 34 اور روشن علی 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ چارسدہ کی طرف سے مجتبیٰ نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ محمد جنید اور محمد عدنان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح چارسدہ کو پہلی اننگز میں 35 رنز کی سبقت حاصل ہوئی، دوسری اننگز میں چارسدہ کی شروعات قدرے مشکلات کا شکار رہیں، تاہم نجب خان نے مسلسل تیسری نصف سنچری مکمل کی اور 64 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ ملک شہباز خان نے 37، اشفاق احمد نے 34 رنز بنائے جبکہ نظار علی 48 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ سوات کی جانب سے محمد فرحان نے 3 جبکہ ہلال نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ آج میچ کا تیسرا اور فیصلہ کن دن ہوگا۔