پاکستان قطر کو ہراکرایشین نیشنز کپ والی بال کے فائنل میں پہنچ گیا

لاہور(سپورٹس ڈیسک )ایشین نیشنز کپ والی بال کے سیمی فائنل میں پاکستان نے قطر کو آؤٹ کلاس کرکے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ،مناما بحرین میں جاری ایشین نیشنز کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان ٹیم قطر کے خلاف شروع ہی سے حاوی رہی۔۔۔
پہلے سیٹ میں پاکستان نے 25-22 کے سکور سے کامیابی حاصل کی۔دوسرے سیٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کیا اور دوسرا سیٹ بھی25-22 سے جیت کر دو صفر کی برتری حاصل کر لی۔بیسٹ آف فائیو سیمی فائنل کے تیسرے سیٹ میں بھی پاکستانی ٹیم نے حریف قطر کی ٹیم کو کسی بھی لمحے برتری نہ لینے دی اور تیسرے سیٹ کو ہی فیصلہ کن سیٹ بنا دیا ، پاکستان نے 25-21 کی کامیابی کے ساتھ ایونٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔پاکستاں کی جانب سے عثمان فریاد علی اور مراد جہاں نے شاندار کھیل پیش کیا۔ فائنل آج پاکستان اور بحرین کے درمیان کھیلا جائے گا۔