ورلڈ اولمپک ڈے کی مناسبت سے راول جھیل میں خصوصی تقریب

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے ) کے زیر اہتمام ورلڈ اولمپک ڈے کی مناسبت سے راول جھیل اسلام آباد میں خصوصی تقریب کا انعقادکیا گیا جس میں اولمپزم کے جذبہ کو اجاگر کیا گیا۔
اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ تقریب میں اولمپیئن صدف صدیقی،اولمپین احمد علی، اولمپیئن لیاقت علی، اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل اور پاکستان روئنگ فیڈریشن کے چیئرمین رضوان الحق رازی ، کھلاڑیوں، بچوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی ۔اولمپک ڈے کے موقع پرواک سمیت بچوں کیلئے خصوصی فن رن کا انعقاد کیا گیا جس میں بچوں نے بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا جبکہ اولمپک رنگز کے لوگو سے مزین ایک خوبصورت کیک بھی کاٹا گیا۔ واضح رہے کہ ورلڈ اولمپک ڈے ہر سال 23 جون کو جدید اولمپک گیمز کے آغاز کی یادگار کے طور پر منایا جاتا ہے جہاں عالمی سطح پر اولمپک اقدار کو فروغ دینے ، کھیل، فٹنس اور سماجی ہم آہنگی کے جذبے کو اجاگر کیا جاتا ہے ۔