پروہاکی لیگ، پاکستان کیلئے اُمید کی کرن روشن ہوتی نظر آنے لگی

لاہور(سپورٹس ڈیسک)نیوزی لینڈ کی نیشنز ہاکی کپ میں فتح کے باوجود پاکستان کیلئے پرو ہاکی لیگ میں اُمید کی کرن روشن ہوتی نظر آنے لگی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ ہاکی ٹیم کے نیشنز کپ کا فائنل جیتنے کے باوجود شدید مالی بحران کی وجہ سے انکی پرو ہاکی لیگ میں شرکت کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے ۔کیویز کے دیس میں ہاکی کو شوقیہ کھیل سمجھا جاتا ہے ، یہی وجہ ہے کہ فیڈریشن مالی بوجھ تلے دبی ہوئی ہے اور گزشتہ برس بھی فتح کے باوجود پرو لیگ کھیلنے سے محروم رہی تھی۔ نیوزی لینڈ کے ہاکی حکام اور حکومتی نمائندوں کے درمیان ایک اہم میٹنگ اگلے ماہ ہونے والی ہے ، جس سے 2025-26 پرو لیگ میں کیویز کی شرکت کی قسمت کا فیصلہ متوقع ہے ۔اگر نیوزی لینڈ باضابطہ طور پر دستبردار ہوجاتا ہے تو امکان ہے کہ اس جگہ پاکستان پرو ہاکی لیگ کیلئے کوالیفائی کرجائے ۔ ایف آئی ایچ قانون کے تحت فائنلسٹ ٹیم کے دستبردار ہونے کے بعد رنر اِپ ٹیم جگہ پُر کرنے کا حق رکھتی ہے ۔پاکستان ہاکی ٹیم کا اگلا تصدیق شدہ بین الاقوامی اسائنمنٹ ایشیاکپ ہے ، جو رواں برس اگست،ستمبر میں بھارت میں شیڈول ہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان کشید ہ حالات کے باعث ایونٹ میں قومی ٹیم کی شرکت پر غیر یقینی کے بادل منڈلا رہے ہیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن ایشیاکپ کو بھارت سے نیوٹرل وینیو پر منعقد کروانے کی کوشش کررہی ہے تاکہ پاکستان فروری میں ورلڈکپ کے اہم کوالیفائنگ راؤنڈ حصہ لے سکے ۔