نیوزی لینڈ کی معذرت ،پاکستانی ٹیم پروہا کی لیگ کیلئے مدعو
لاہور(سپورٹس ڈیسک )انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان ہاکی ٹیم کو پرو ہاکی لیگ میں شرکت کیلئے دعوت دے دی۔نیشنز کپ کی فاتح نیوزی لینڈ نے پرو ہاکی لیگ میں شرکت سے معذرت کر لی جس کے بعد ایف آئی ایچ نے پاکستان ٹیم کو مدعو کر لیا۔
ملائیشیا میں ہونے والے نیشنز کپ کی فاتح ٹیم کو پرو ہاکی لیگ کیلئے کوالیفائی کرنا تھا، فائنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا اور پرو ہاکی لیگ کیلئے بھی کوالیفائی کیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ نے پرو ہاکی لیگ میں شرکت سے معذرت کرلی جس کے بعد انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان ہاکی ٹیم کو پرو ہاکی لیگ کے لیے مدعو کر لیا جس کا اعلان جلد متوقع ہے ۔پرو ہاکی لیگ میں دنیا کی ٹاپ ٹیمیں شرکت کرتی ہیں، پرو ہاکی لیگ میں شرکت سے پاکستان ہاکی ٹیم کی رینکنگ میں بہتری آئے گی، ماضی میں پاکستان ہاکی ٹیم نے پرو ہاکی لیگ میں شرکت نہیں کی جس کی وجہ سے پاکستان کی ہاکی رینکنگ 17ویں نمبر پر چلی گئی تھی اورقومی ہاکی ٹیم اسوقت ایف آئی ایچ رینکنگ میں 13ویں پوزیشن پر موجود ہے ۔
پرو ہاکی لیگ کا اگلا ایڈیشن آئندہ سال فروری میں متوقع ہے ۔خیال رہے کہ کیویز کے دیس میں ہاکی کو شوقیہ کھیل سمجھا جاتا ہے اور ایف آئی ایچ قانون کے تحت فائنلسٹ ٹیم کے دستبردار ہونے کے بعد رنر اِپ ٹیم جگہ پُر کرنے کا حق رکھتی ہے ۔پاکستان ہاکی ٹیم کا اگلا تصدیق شدہ بین الاقوامی اسائنمنٹ ایشیاکپ ہے ، جو رواں برس اگست،ستمبر میں بھارت میں شیڈول ہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ حالات کے باعث ایونٹ میں قومی ٹیم کی شرکت پر غیر یقینی کے بادل منڈلا رہے ہیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن ایشیاکپ کو بھارت سے نیوٹرل وینیو پر منعقد کروانے کی کوشش کررہی ہے تاکہ پاکستان فروری 2026 میں ورلڈکپ کے اہم کوالیفائنگ راؤنڈ میں حصہ لے سکے ۔