لیون ٹیم کی جیت کے بعد گانا گانے کی ذمہ داری سے سبکدوش

لیون ٹیم کی جیت کے بعد گانا گانے کی ذمہ داری سے سبکدوش

سڈنی(سپورٹس ڈیسک)آسٹریلوی سپنر نیتھن لیون ‘سانگ ماسٹر’ کی ذمہ داری سے سبکدوش ہوگئے۔آسٹریلوی سپنر لیون نے ٹیم کی فتح کے بعد گایا جانے والا روایتی نغمہ انڈر دی سدرن کراس آئی سٹینڈ گانے کی ذمہ داری اب وکٹ کیپر ایلکس کیری کے حوالے کر دی ہے۔

تاہم انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اہداف میں اب بھی بھارت اور انگلینڈ میں سیریز جیتنا شامل ہے ۔نیتھن لیون کو یہ روایت مائیک ہسی سے 2013 میں ملی تھی جب ہسی نے سری لنکا کے خلاف ریٹائرمنٹ لی۔ تب لیون اپنے 18ویں ٹیسٹ میں تھے ۔ وہ آسٹریلیا کی تاریخ میں سب سے طویل عرصہ تک "سانگ ماسٹر" رہنے والے کھلاڑی بنے ۔انہوں نے یہ ذمہ داری 12 سے 13 سال تک نبھائی اور ان 119 ٹیسٹ میچوں میں ٹیم نے 67 فتوحات حاصل کیں۔ لیون کا کہنا تھا کہ ایلکس کیری اس کے لیے بہترین امیدوار ہیں۔یہ ذمہ داری کیری کو باقاعدہ طور پر بارباڈوس میں دوسرے دن کے کھیل کے بعد ایک خط کے ذریعے سونپی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں