کسی فارمیٹ میں قومی ٹیم کی صورتحال اچھی نہیں: عاقب جاوید
لاہور (سپورٹس ڈیسک)ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے بتایا ہے کہ سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کا مقصد آف سیزن میں کھلاڑیوں کو ایکشن میں رکھنا تھا۔
عاقب جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تیسرے مرحلے میں زیادہ تر شاہینز کے کھلاڑی شامل تھے ، ٹیم نے انگلینڈجانا ہے ، یہ سلسلہ یہاں ختم نہیں ہو گا اس کے دو اور پروگرام ہوں گے ۔اْنہوں نے بتایا کہ شاہینز کے ساتھ ریڈ بال کے پلیئرز کی بھی تیاری ہو گی، ٹیسٹ چیمپئن شپ کے نئے سرکل میں پاکستان کے بہت چانسز ہیں ۔عاقب جاوید نے کہا کہ ٹیم کے اعلان پر بہت کام ہو چکا ہے ، جلد اعلان ہو جائے گا، تمام کھلاڑیوں کو موقع ملے گا، سب کو سکلز بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔اْنہوں نے کہا کہ سب کو سمجھنا ہو گا کہ آل فارمیٹ میں ہماری صورتحال اچھی نہیں ہے ، کسی ٹیم کو ہلکا نہیں لے سکتے ، بنگلا دیش بھی اپنے ملک میں اچھا کھیلتی ہے ۔عاقب جاوید نے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کو بھی بتایا ہے کہ کہاں بہتری درکار ہے ، نسیم شاہ کی فٹنس کامسئلہ تھا، اب وہ باقاعدگی سے بولنگ کر رہے ہیں، محمد وسیم بھی کیمپ میں بولنگ کر رہے ہیں۔اْنہوں نے بتایا کہ قومی ٹیم کا اعلان ایک دو روز میں کر دیا جائے گا، ینگسٹر ہو یا سینئر، پاکستان کے لیے بیسٹ آپشن کو کھلانا ہے ۔اْنہوں نے کہا کہ بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز سے سیریز ہیں، ان سیریز میں مختلف آپشنز دیکھیں گے ، حارث رؤف بھی ایکشن میں ہوں گے ، 8 تاریخ سے شروع ہونے والے کیمپ میں ون ڈے اور ٹی 20 دونوں کھلاڑی شامل ہیں۔عاقب جاوید نے کہا کہ ویسٹ انڈیز سیریز کا جو بھی فیصلہ ہو اس کے مطابق ٹیم کا اعلان ہو گا۔