5پاکستانی کوہ پیماؤں نے 24گھنٹوں میں نانگا پربت سر کرلی

لاہور(سپورٹس ڈیسک) 24گھنٹوں کے دوران 5 پاکستانی کوہ پیماؤں نے دنیا کی نویں اور پاکستان کی دوسری بلند چوٹی نانگا پربت کو سر کرلیا۔ان میں سے 2 کوہ پیماؤں نے مصنوعی آکسیجن کی مدد کے بغیر 8 ہزار 126 میٹر اونچی نانگا پربت کو سر کیا۔
مرحوم کوہ پیما علی رضا سدپارہ کے بیٹے اشرف سدپارہ نے بھی نانگا پربت کو سر کیا، اشرف سدپارہ نے پاکستان میں موجود 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 5 چوٹیاں سر کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔الپائن کلب آف پاکستان اور پاکستان کی ماؤنٹینئرنگ کمیونٹی کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران نانگا پربت سر کرنے والے کوہ پیماؤں میں ڈاکٹر رانا حسن جاوید، علی حسن، سہیل سخی، اشرف سدپارہ اور شیر زاد کریم شامل ہیں، جن میں سے اشرف سدپارہ اور سہیل سخی نے مصنوعی آکسیجن استعمال کیے بغیر ہی نانگا پربت سر کیا۔راولپنڈی میں مقیم ڈاکٹر رانا حسن جاوید نے جمعرات کو نانگا پربت سر کیا تھا، ڈاکٹر حسن 8 ملکی و غیر ملکی کوہ پیماؤں کی ٹیم میں شامل تھے ، نانگا پربت ان کی دوسری 8 ہزار میٹر سے بلند چوٹی ہے ، اس سے قبل انہوں نے گزشتہ برس گیشربرم ٹو کو سر کیا تھا۔