ایشیا کپ: پاکستان کا آج اہم میچ، سری لنکا سے ٹاکرا
ابوظہبی (سپورٹس ڈیسک)ٹی 20 ایشیاء کپ میں سپر فور مرحلے میں ابوظہبی کرکٹ سٹیڈیم پر پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ایونٹ کا اہم میچ آج کھیلا جائے گا، ایونٹ میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں پہلی بار آمنے سامنے ہوں گی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم ابوظہبی پہنچ گئی ۔سری لنکن کپتان چیراتھ اسالانکا نے کہا ہے کہ بنگلادیش سے شکست کوبھول گئے ، پاکستان سے جیتنا ضروری ہے ۔ابوظہبی میں پریس کانفرنس کے دوران چیراتھ اسالانکا نے کہا کہ سپر فور کے پہلے میچ میں بنگلادیش کے خلاف شکست کو بھول گئے ہیں، دبئی میں دوسری اننگز میں بیٹنگ کرنا آسان ہوجاتا ہے ۔پاکستان کے خلاف میچ جیت جائیں تو ٹورنامنٹ میں آسانی ہوجائے گی۔ہر بار ٹاس پر انحصار نہیں کیا جاسکتا، ٹاس ہار جائیں تو صورتحال کے مطابق خود کو ایڈجسٹ کرنا پڑتا ہے ۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر صاحبزادہ فرحان کا کہنا ہے کہ میں ففٹی کا عموماً جشن نہیں مناتا مگر ذہن میں آیا تو نیا انداز اپنایا، ففٹی کے بعد جشن کا میرا نیا انداز تھا، لوگوں کے مطلب نکالنے کی پروا نہیں۔دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں، چاہے حریف بھارت ہی کیوں نہ ہو، سری لنکا کے خلاف بھرپور تیاری ہے ، فائنل میں بھارت سے میچ کھیلنے کے خواہشمند ہیں۔ صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ایشیا کپ کا فائنل جیتنے کیلئے پرامید ہیں، میری کارکردگی سے ٹیم جیت جاتی تو زیادہ خوشی ہوتی، بھارت کے خلاف پرفارمنس کو لوگ زیادہ اہمیت دیتے ہیں، بھارت کے خلاف کارکردگی سے اعتماد ملا ہے ۔پاکستانی بیٹر نے کہا کہ ابوظہبی کی وکٹ بیٹسمینوں کیلئے سازگار ہے ، بیٹنگ لائن میں تبدیلی سے بیٹسمینوں کو اعتماد ملا ہے ۔