پاکستان بنگلہ دیش کو ہرا کر ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا،اتوار کو بھارت سے کر کٹ کی تیسری جنگ

پاکستان بنگلہ دیش کو ہرا کر ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا،اتوار کو بھارت سے کر کٹ کی تیسری جنگ

دبئی(سپورٹس ڈیسک)ٹی20 ایشیا کپ میں سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بنگلادیش کو 11 رنز سے ہرا کر پاکستان فائنل میں پہنچ گیا، اتوار کو بھارت سے ٹاکرا ہوگا۔ایشین کرکٹ چیمپئن پاکستان بنے گا یا بھارت، فیصلہ اتوار 28 ستمبر کو دبئی میں ہوگا۔۔۔

پاکستان اور بھارت ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی بار فائنل میں مدمقابل آئیں گے ۔ایشیا کپ کے اب تک 41 سال میں ہونے والے 17 ایڈیشنز میں پاکستان اور بھارت کبھی فائنل میں آمنے سامنے نہیں آسکے تھے ۔بھارت 11 مرتبہ فائنل میں پہنچا تو پاکستان نے 5 بار فائنل کھیلا لیکن ایک دوسرے کے سامنے نہ آسکے ۔بھارت نے سب سے زیادہ 8، سری لنکا نے 6 اور پاکستان نے صرف 2 بار ایشیا کپ کرکٹ کا ٹائٹل جیتا۔ تین بار  پاکستان فائنل میں شکست سے دوچار ہوا، پاکستان نے آخری مرتبہ 2012ء میں ایشیا کپ کی حکمرانی حاصل کی تھی۔ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت اب تک 10 مرتبہ مدمقابل آچکے ہیں، 8 میں بھارت نے کامیابی حاصل کی اور 2 بار پاکستان کامیاب ہوا۔یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 میں پاکستان کا روایتی حریف بھارت کے ساتھ دو بار مقابلہ ہوا ہے اور دونوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کی ٹیم 136 رنز کاتعاقب کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنا سکی۔بنگلادیش کی جانب سے شمیم حسین 30 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 3، 3 جبکہ صائم ایوب نے 2 اور محمد نواز نے 1 وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل بنگلادیش کی دعوت پر قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کی نقصان پر 135 رنز سکور کیے ۔پاکستان کی جانب سے محمد حارث 31 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ محمد نواز 25، شاہین شاہ آفریدی 19، کپتان سلمان علی آغا 19، فخر زمان 13، صاحبزادہ فرحان 4 اور حسین طلعت 3 رنز کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوئے ۔بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3، رشاد حسین اور مہدی حسن نے 2، 2 اور مستفیض الرحمن نے 1 وکٹ حاصل کی۔شاہین شاہ آفریدی کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں