جنوبی افریقہ کوشکست ،ون ڈے سیریز پاکستان کے نام

 جنوبی افریقہ کوشکست ،ون ڈے  سیریز پاکستان کے نام

لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ایک روزہ میچ میں شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کا 144 رنز کا ہدف صرف 3 وکٹ کے نقصان پر 26ویں اوور میں حاصل کیا۔

محمد رضوان 32 اور سلمان علی آغا 5 رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ صائم ایوب نے ایک چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی شاندار باری کھیلی، بابر اعظم نے 27 رنز بنائے ، فخر زمان بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے ۔قبل ازیں جنوبی افریقی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور گرین شرٹس کی عمدہ بولنگ کے باعث 37 اعشاریہ 5 اوورز میں صرف 143 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔دوسرے ایک روزہ میچ میں سنچری بنانے والے کپتان کوئنٹن ڈی کوک نے 53، یوہان ڈی پریٹوریس نے 39 جبکہ پیٹر اور میتھیو برٹزکی نے 16، 16رنز سکور کیے ۔پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 27رنزدیکر 4، شاہین آفریدی، سلمان آغا اور محمد نواز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ابراراحمدمیچ اورکوئنٹن ڈی کوک سیریز کے بہترین کھلاڑی قرارپائے ۔پاکستان نے تیسرے میچ میں ٹیم میں 2 تبدیلیاں کیں۔ نسیم شاہ اور محمد وسیم جونیئر کی جگہ ابرار احمد اور حارث رؤف کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔دریں اثناچیئرمین پی سی بی سینیٹر محسن نقوی نے سیریز جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ‘ویلڈن ٹیم پاکستان، تھینک یو فیصل آباد’۔ کھلاڑیوں نے 17 سال بعد اقبال سٹیڈیم میں سیریز جیت کر ماضی کی خوشگوار یادیں تاز ہ کردی ہیں۔ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، کپتان شاہین آفریدی اور تمام کھلاڑیوں کو ہوم گراؤنڈ پر جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی ون ڈے سیریز جیتنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ ابرار احمد نے شاندار بولنگ اور صائم ایوب نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرکے فتح میں نمایاں کردار ادا کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں