ہر میچ میں پرفارمنس کی توقع ہم روبوٹ نہیں : حارث رئوف
لوگ 10 اچھے میچز کو بھول کر ایک برا میچ یاد رکھتے ہیں ،ہم سے بھی غلطیاں ہوتی ہیں،ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کاموقع ملا تو ضرور تیار ہوں گا ایک پلان اللہ کا ہوتا ہے اور وہ سب سے درست ہوتا ہے ، بیڈ ڈے آتا ہے ، وہ گزر جاتا ہے اگلے دن کی صبح نئی امید لے کر آتی ہے ،قومی بالر
راولپنڈی (سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے فاسٹ بالر حارث رؤ ف نے کوئی بھی میچ جیتنے کو سب سے زیادہ اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگ ہر میچ میں پرفارمنس کی توقع رکھتے ہیں، ہم روبوٹ نہیں، ہم سے بھی غلطیاں ہوتی ہیں،ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کاموقع ملے گا تو ضرور تیار ہوں گا۔راولپنڈی میں حارث رؤف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سرد موسم میں بولنگ کرنا مشکل ہوتا ہے ۔ اپنی کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے شکوہ کیاکہ لوگ 10 اچھے میچز کو بھول کر ایک برے میچ کو یاد رکھتے ہیں ،لوگ چاہتے ہیں کھلاڑی ہر میچ میں پرفارمنس دیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو لگتا ہے کھلاڑی روبوٹ ہیں، ہم مشین نہیں ہیں، ہم سے بھی غلطیاں ہوتی ہیں لیکن ہم ان کو درست کرنے کی کوشش کرتے ، اپنے اوپر بھروسہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیڈ ڈے آتا ہے ، وہ گزر جاتا ہے اور اگلے دن کی صبح نئی امید لے کر آتی ہے ۔ حارث رؤف نے سری لنکا کے خلاف جیت پر کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہم جیتے ہیں اور میچ جیتنے کے ساتھ ہی ٹیم جیتی ہے ۔حارث رؤ ف نے مزید کہا کہ کھلاڑی ہمیشہ اپنی اگلی اسائنمنٹ کی طرف دیکھتے ہیں اور ٹیسٹ کرکٹ کیلئے جب بھی موقع ملے گا، وہ ملک کیلئے کھیلیں گے ۔ فاسٹ بالر نے کہا کہ ایک پلان ہم بناتے ہیں، ایک پلان دوسرے کا ہوتا ہے اور سب سے زیادہ درست پلان وہ ہوتا ہے جو اللہ کا ہوتا ہے ۔بابر اعظم کے کیچ کے حوالے سے حارث رؤف نے کہا کہ وہ آؤ ٹ سٹینڈنگ کیچ تھا اور اس کا فیلڈ میں اپنا اثر تھا لیکن ایسا ہوتا ہے اور کھلاڑی کو اس سے سیکھنا ہوتا ہے ۔