کراچی میں 35 ویں نیشنل گیمز کی آج افتتاحی تقریب ،انتظامات مکمل
ملک بھر سے 11ہزار ایتھلیٹس و آفیشلز شریک،بلاول مہمان خصوصی ہوں گے وزیر کھیل سردار محمد بخش کا قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کے ہمراہ نیشنل سٹیڈیم کا دورہ
کراچی (سٹاف رپورٹر)کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں آج 35 ویں نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب منعقد ہوگی، انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، اس حوالے سے جمعہ کو کمشنر کراچی کے دفتر میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر کو انتظامات بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر سید حسن نقوی نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ نیشنل گیمز کو یادگار بنانے کیلئے فول پروف سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل گیمز میں ملک بھر سے 11 ہزار ایتھلیٹس و آفیشلز شرکت کریں گے ، افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ہوں گے ۔ بعد ازاں وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم اور سیکرٹری کھیل منور علی کے ہمراہ نیشنل سٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے افتتاحی تقریب کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔اور شائقین کو سٹیڈیم آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ کراچی اور سندھ کیلئے بڑا اعزاز ہے ۔