بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ میں کرپشن ، چار کرکٹرز کیخلاف مقدمہ
لاہور(سپورٹس ڈیسک )بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ میں کرپشن کی گونج سنائی دینے لگی ہے جہاں آسام کرکٹ ایسوسی ایشن نے مبینہ کرپشن میں ملوث چار کرکٹرز کو معطل کر دیا ہے جبکہ معاملے پر پولیس میں ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرپشن کے الزامات سید مشتاق علی ٹرافی کے دوران سامنے آئے ، جو 26 نومبر سے 8 دسمبر تک منعقد ہوئی۔آسام کرکٹ ایسوسی ایشن نے ایک پریس ریلیز کے ذریعے تصدیق کی کہ امیت سنہا، ایشان احمد، امن تریپاٹھی اور ابھیشک ٹھاکری کو کرپشن میں ملوث ہونے پر معطل کیا گیا۔ مذکورہ کرکٹرز نے آسام ٹیم کے موجودہ کھلاڑیوں کو اکسانے اور ان پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی۔بھارتی میڈیا کے مطابق گوہاٹی کی کرائم برانچ میں ان کرکٹرز کے خلاف ایف آئی آر کاٹ گئی ہے ۔ کرکٹرز کو کسی بھی سطح پر کھیل کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی اور تحقیقات کے نتیجے تک معطل رہیں گے ۔