کولکتہ:ہنگامہ آرائی، میسی مداحوں سے ملے بغیر واپس روانہ
توڑ پھوڑ ، سٹار فٹ بالر صرف 10منٹ سٹیڈیم میں رہے ، مداح مایوس سٹیڈیم میں اینٹی رائٹ فورس تعینات کرنا پڑی، تقریب کے مرکزی منتظم گرفتار سکیورٹی کے باعث میسی نے اپنے 70 فٹ بلند مجسمے کی ورچوئل نقاب کشائی کی
لاہور(سپورٹس ڈیسک )بھارتی شہر کولکتہ کے سالٹ لیک سٹیڈیم میں عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کی آمد کے موقع پر بدنظمی اور ناقص انتظامات کے باعث ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی،بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدنظمی اور ناقص انتظامات کے باعث شائقین شدید غصے کا شکار ہو گئے ، جس کے نتیجے میں سٹیڈیم میں توڑ پھوڑ کے واقعات بھی پیش آئے ۔ میسی مختصر وقت، تقریباً دس منٹ کے لیے سٹیڈیم میں موجود رہے ، جس پر مداحوں میں مایوسی پھیل گئی۔بدنظمی کے نتیجے میں تقریب کے مرکزی منتظم کو مقدمہ درج کرکے گرفتار کر لیا گیا جبکہ سٹیڈیم میں اینٹی رائٹ فورس تعینات کرنا پڑی۔ایک شائق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی خراب انداز میں منعقد کیا گیا ایونٹ تھا۔
میسی کے اردگرد سیاسی رہنماؤں اور وزراء کا ہجوم تھا، جس کی وجہ سے عام شائقین انہیں دیکھ بھی نہ سکے۔ سابق بھارتی کرکٹ کپتان سارو گنگولی نے لیونل میسی سے سٹیڈیم میں کچھ دیر مزید رکنے کی درخواست کی، تاہم سکیورٹی خدشات کے باعث میسی کی ٹیم نے تمام درخواستیں مسترد کر دیں۔واقعے کے بعد ریاستی حکام کی جانب سے لیونل میسی اور ان کے مداحوں سے باقاعدہ معذرت کی گئی اور اعلان کیا گیا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی قائم کی جا رہی ہے جو ذمہ داران کا تعین کرے گی۔بعد ازاں لیونل میسی کے قیام کے ہوٹل کے باہر جمع ہونے والے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے بھی پولیس نے طاقت کا استعمال کیا۔سکیورٹی وجوہات پر میسی نے کلکتہ میں اپنے 70 فٹ بلند مجسمے کی ورچوئل نقاب کشائی کی ۔