پی ایچ ایف کا اولمپئنز پر مشتمل تھنک ٹینک قائم کرنے کا فیصلہ
تھنک ٹینک جدید ہاکی، کوچنگ سسٹم، ڈومیسٹک سٹرکچر اور گراس روٹ لیول پر کھلاڑیوں کی تیاری سے متعلق جامع سفارشات مرتب کریگا ماضی کے عظیم اولمپئنز کے تجربے اور بصیرت سے فائدہ اٹھا کر قومی کھیل کی کھوئی ہوئی شان دوبارہ حاصل کی جائیگی،پاکستان ہاکی فیڈریشن
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کی بحالی اور ترقی کی جانب ایک اہم اور مثبت قدم اٹھاتے ہوئے اولمپئنز پر مشتمل تھنک ٹینک قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ اس فیصلے کا مقصد پاکستان ہاکی کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور عالمی سطح پر اس کی کھوئی ہوئی شان دوبارہ حاصل کرنا ہے ۔پی ایچ ایف کے مطابق ، یہ تھنک ٹینک جدید ہاکی، کوچنگ سسٹم، ڈومیسٹک سٹرکچر اور گراس روٹ لیول پر کھلاڑیوں کی تیاری سے متعلق جامع سفارشات مرتب کرے گا، جن کی بنیاد پر عملی اور مؤثر اصلاحات نافذ کی جائیں گی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ماضی کے عظیم اولمپئنز کے تجربے اور بصیرت سے فائدہ اٹھا کر قومی کھیل کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جائے گا۔ اس اقدام کو ہاکی حلقوں میں خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ فیصلہ پاکستان ہاکی کے روشن مستقبل کی بنیاد ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ڈیلی الاؤ نس کی ادائیگی کے معاملے پر شدید مالی مشکلات اور تشویش کا سامنا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف نے پی ایس بی سے معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی دلائی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے قومی ہاکی کھلاڑیوں کی پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈی جی یاسر پیرزادہ سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے کھلاڑیوں کو ڈیلی کے معاملے پر وضاحت دی ۔ قومی ہاکی کھلاڑی پرو لیگ اور ورلڈکپ کوالیفائر کی تیاری کیلئے کیمپ میں موجود تھے اور کھلاڑیوں کا ارادہ تھا کہ وہ پریس کانفرنس کریں اور حقائق سب کے سامنے لے کر آئیں۔