بابر نے ڈیل سٹین کو کیریئرکا سخت ترین بالر قراردیدیا
سٹین کو کھیل کر یقین ہوگیا کہ اب کسی بھی فاسٹ بالر کا سامنا کر سکتا ہوں
سڈنی (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹاپ آرڈر بیٹر بابر اعظم نے ڈیل سٹین کو اپنے کیریئرکا سخت ترین بالر قراردیدیا ۔ بابر اعظم نے سابق انگلش کپتان کیون پیٹرسن کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ آج کے دور میں تقریبا ہر ٹیم کے پاس ایسے بالرز موجود ہیں جو 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد کی رفتار کے ساتھ گیند کرا سکتے ہیں۔بابر اعظم نے اپنی جنوبی افریقا کے پہلے ٹور کا ذکر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس دورے میں انہیں ڈیل سٹین کے سامنے بیٹنگ کرنا پڑی تھی، جو نہ صرف تیز بلکہ انتہائی چیلنجنگ فاسٹ بالنگ کر رہے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ سٹین کی بالنگ کھیلنے سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور اس اننگز کے بعد انہیں یقین ہوگیا کہ وہ اب کسی بھی فاسٹ بالر کا سامنا کر سکتے ہیں۔بابر نے جنوبی افریقا کے دیگر اسٹار بالر کگیسو ربادا کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل سمیت تمام فارمیٹس کے بہترین بالرز میں شامل ہیں۔