سعودی کلب کی میسی کو بلینک چیک کی پیشکش کا انکشاف
ریاض(سپورٹس ڈیسک)سعودی کلب الاتحاد کے صدر انمار الحائلی نے حیران کن انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار لیونل میسی کو بلینک چیک کی پیشکش کی ہے ۔
اس سے قبل انہوں نے ارجنٹائن فٹبالر کو 1.4 ارب ڈالر کی پیشکش بھی کی تھی، جسے میسی مسترد کر چکے ہیں۔ میسی نے انٹر میامی کے ساتھ 3 سالہ نیا معاہدہ کیا ہے ، تاہم اس کے باوجود سعودی کلبز کی دلچسپی کم نہیں ہوئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق الاتحاد کے صدر انمار الحائلی نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر کے لیے ایک غیر معمولی معاہدہ تیار کر رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر میسی ہمارے ساتھ معاہدہ کرنے پر رضامند ہو جائیں تو میں انہیں ایسا کنٹریکٹ دوں گا جس میں وہ اپنی مرضی کے مطابق رقم حاصل کر سکیں گے ، حتیٰ کہ معاہدے کی مدت عمر بھر کے لیے بھی ہو سکتی ہے ۔