سینیگال نے دوسری مرتبہ افریقہ کپ آف نیشنزجیت لیا
فائنل میچ کھیل سے زیادہ بدانتظامی اور تشدد کے باعث خبروں کی زینت بنا رہا
رباط (سپورٹس ڈیسک )سینیگال نے تنازعا ت ، شائقین کے درمیان تصادم اور ڈرامائی واقعات سے بھرپور فائنل کے بعد حریف ٹیم مراکش کو 0-1 سے شکست دیکر دوسری مرتبہ افریقہ کپ آف نیشنز کا ٹائٹل اپنے نام کیا، رباط میں کھیلا گیا یہ فائنل میچ کھیل سے زیادہ بدانتظامی اور تشدد کے باعث خبروں کی زینت بنا رہا۔میچ کا فیصلہ اضافی وقت میں پاپے گیئے کے سٹاپیج ٹائم گول نے کیا، تاہم اس سے قبل مقابلہ شدید تنازع کا شکار ہو چکا تھا۔ دوسرے ہاف کے اختتامی لمحات میں وی اے آر کی مدد سے مراکش کو پنالٹی دی گئی۔
جب سینیگال کے المدی مالک دیوف پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے براحیم ڈیاز کو پنالٹی ایریا میں فال کیا۔پنالٹی کے فیصلے کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کے درمیان ہاتھا پائی ہو گئی، جبکہ سینیگال کے ہیڈ کوچ پاپے تھیا نے احتجاجا اپنی ٹیم کو میدان سے باہر بلا لیا۔ 20 منٹ کے بعد حالات قابو میں آئے تو کھیل دوبارہ شروع ہوا۔ مراکش کے براحیم ڈیاز نے تاخیر سے دی گئی پنالٹی لی، مگر وہ گول کرنے میں ناکام رہے ،آخرکار اضافی وقت میں پاپے گیئے نے فیصلہ کن گول کر کے سینیگال کو فتح دلا دی ۔