ڈیلیز تنازع:پی ایچ ایف اور ہاکی کھلاڑیوں کے مذاکرت ناکام
ملاقات میں کھلاڑیوں اور پی ایچ ایف عہدیداروں کے درمیان گرما گرمی ،کھلاڑیوں کا واجبات کی ادائیگی تک ٹریننگ سیشن میں شرکت سے بھی انکار
لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے قومی ہاکی کھلاڑیوں کو ڈیلیز کے معاملے پر منانے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے ،ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن اور قومی کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے ، جس کے بعد کھلاڑیوں نے واجبات کی ادائیگی تک ٹریننگ سیشن میں شرکت سے انکار کر دیا ہے اوروہ ٹریننگ سیشن کے بائیکاٹ کے فیصلے پر قائم ہیں جبکہ پی ایچ ایف کے اعلیٰ عہدیداران نے ملاقات کے دوران کھلاڑیوں کو کیمپ جاری رکھنے کا کہا ہے ۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ملاقات کے دوران کھلاڑیوں اور پی ایچ ایف عہدیداروں کے درمیان گرما گرمی بھی ہوئی جس دوران ٹیم مینجمنٹ کے اراکین نے کھلاڑیوں اور پی ایچ ایف کے درمیان معاملہ ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی۔ کھلاڑیوں نے کیمپ چھوڑ کر سامان باندھا اور گھر جانے لگے مگر ٹیم مینجمنٹ کی مداخلت پر کھلاڑی کیمپ میں رک گئے ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے تمام واجبات اگلے جمعہ تک ادا کر دیے جائیں گے ، کھلاڑیوں نے پی ایچ ایف کو واضح جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کیمپ میں موجود تو رہیں گے مگر واجبات کی ادائیگی تک ٹریننگ میں حصہ نہیں لیں گے اور واجبات ملنے کے بعد ہی ٹریننگ میں حصہ لیں گے ۔